ہوناور 7 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل - ہوناور حلقہ سے بی جے پی ایم ایل اے سنیل نائک کو اس وقت بڑی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب ہوناور میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ان کی اپنی پارٹی کے چند کارکنان نے بطور احتجاج کالےجھنڈے دکھائے۔
موٹا گرام کے رہنے والے اور ایم ایل اے کو کالے جھنڈے دکھانے والے احتجاجی کارکنان کو شکایت تھی کہ ان کے گاوں میں سڑک تعمیر کرنے یا اس کے لئے فنڈ جاری کرنے کا کام نہیں کیا گیا ہے ۔ اپنا احتجاج درج کروانے کے لئے وہ لوگ قریبی کوٹے بیل گاوں میں منعقدہ ایم ایل اے کے پروگرام میں پہنچ گئے اور ذرا سی دوری پر خاموشی کے ساتھ کالے جھنڈے دکھاتے رہے ۔
تھوڑی دیر بعد ایم ایل اے کے حامی اور دوسرے بی جے پی کارکنان نے احتجاجیوں کے پاس پہنچ کر اعتراض جتایا اور پھر بات زبانی تکرار سے آگے بڑھ کر مار پیٹ تک پہنچ گئی ۔ اس کے بعد پولیس نے مداخلت کی اور مظاہرین کو وہاں سے واپس لوٹنے پر آمادہ کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا ۔
سنیل نائک نے کیا کہا : اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایم ایل اے سنیل نائک نے کہا کہ ان لوگوں کو کالے جھنڈے دکھانے سے پہلے ایک مرتبہ مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی ۔ ان کے گاوں میں سڑک کا کام آج ہی شروع ہوگا ۔ وہ لوگ بھی ہمارے اپنے ہی ہیں ۔ ہماری اپنی پارٹی کارکنان ہوتے ہوئے انہوں نے ایسا کیوں کیا مجھے پتہ نہیں ۔ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے اس علاقے کی دو سڑکیں تعمیر ہونگی ۔ اسی ہفتے اس کام کی شروعات کروائی جائے گی ۔ اگر کارکنان کی طرف سے کسی قسم کی تکلیف پہنچی ہوتو ان کی طرف سے میں معذرت چاہتا ہوں ۔
کیا کہتے ہیں مظاہرین : جھگڑے اور مار پیٹ کے بعد موقع پر نکل جانے والے مظاہرین میں سے ایک شخص نے کہا کہ ہم لوگ اصلی بی جے پی کارکنان ہیں ۔ یہ سب لوگ ابھی ابھی پارٹی میں آئے ہیں ۔ ہمارا کوئی بھی کام پورا نہیں ہو رہا ہے ، اس لئے ہم لوگ کالے جھنڈے اٹھا کر خاموش احتجاج کر رہے تھے ۔ ہمارے مسائل حل کرنے کے بجائے ایم ایل اے کے حواریوں نے ہم پر حملہ کرکے ہمیں وہاں سے ہٹنے پر مجبور کیا ہے ۔ ہم اصل میں بی جے پی کو مستحکم اور مضبوط کرنے والے لوگ ہیں اور ہم کو ہی آج یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔